Saturday, March 10, 2012

Zaheer ul Islam DG ISI Pakistan Spy Agency Head




ظہیر الاسلام نئے ڈی جی آئی ایس آئی مقرر


وزیراعظم پاکستان یوسف رضا گیلانی نے لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام کو فوج کے خفیہ ادارے آئی ایس آئی کا نیا ڈائریکٹر جنرل مقرر کر دیا ہے۔
ان کی تقرری کا اعلان وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کیا گیا ہے۔لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام اس وقت کور کمانڈر کراچی کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔
وہ ماضی میں آئی ایس آئی میں بطور ڈائریکٹر جنرل انٹرنل ونگ کام کر چکے ہیں۔ اس وقت وہ میجر جنرل کے عہدے پر فائز تھے اور ترقی کے بعد انہیں کراچی میں بطور کور کمانڈر تعینات کر دیا گیا تھا۔
نامہ نگار احمد رضا کے مطابق آئی ایس آئی کے نئے نامزد سربراہ لیفٹننٹ جنرل محمد ظہیر الاسلام پاکستانی فوج اور آئی ایس آئی دونوں میں ہی خدمات کا طویل تجربہ رکھتے ہیں۔
انہوں نے آئی ایس آئی کے موجودہ سربراہ جنرل پاشا کی ماتحتی میں ڈھائی سال تک آئی ایس آئی میں بھی خدمات سرانجام دی ہیں۔
اس سے قبل جنرل ظہیر الاسلام جی او سی مری بھی رہ چکے ہیں اور فوجی حلقوں میں وہ جنرل کیانی کے بہت قریب تصور کیے جاتے ہیں۔ انہیں مارچ 2009 میں صدر پاکستان آصف علی زرداری نے ہلال امتیاز ملٹری کے اعزاز بھی نوازا تھا۔
وہ اٹھارہ مارچ سے اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گے اور سکدوش ہونے والے ڈی جی لیفٹیننٹ جنرل احمد شجاع پاشا کی جگہ لیں گے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شجاع پاشا کو ستمبر سنہ دو ہزار آٹھ میں آئی ایس آئی کا ڈائریکٹر جنرل مقرر کیا گیا تھا اور مدتِ ملازمت مکمل ہونے پر انہیں دو مرتبہ توسیع دی گئی جس کی مدت اس سال اٹھارہ مارچ کو ختم ہو رہی ہے۔
انہیں ایک مرتبہ پھر توسیع دینے کی افواہیں گرم تھیں اور حزبِ اختلاف کی جانب سے اس امکان پر تحفظات ظاہر کیے جا رہے تھے۔
گزشتہ روز ہی قائدِ حزب اختلاف اور مسلم لیگ نون کے رہنما چودھری نثار علی خان نے کہا تھا کہ اگر حکومت نے آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل کی مدتِ ملازمت میں توسیع کی تو وہ اس معاملہ کو سیاسی طور پر اٹھائیں گے اور عدلیہ سے رجوع کیا جائے گا۔
1. 2. 3. 5. 6. 7.

Popular Posts