Friday, February 17, 2012

Unexpected Google Income گوگل کی آمدنی توقعات سے کم





انٹرنیٹ کمپنی گوگل نے سنہ دو ہزار گیارہ کے آخری تین ماہ میں آمدنی میں ستائیس فیصد اضافے کا اعلان کیا تاہم یہ اضافہ بھی وال سٹریٹ کی توقعات پر پورا نہیں اترا جس کی وجہ سے گوگل کمپنی کے حصص کی قیمت گر گئی ہے۔
گوگل کے حصص کی قیمت دس فیصد کمی کے بعد پانچ سو پچھہتر ڈالر تک پہنچ گئی۔
گوگل نے تین ماہ کے اس عرصے میں دس اعشاریہ چھ ارب ڈالر کی آمدنی ظاہر کی اور اس کا مجموعی منافع چھ اعشاریہ چار فیصد بڑھ کر دو اعشاریہ سات ارب ڈالر رہا۔
گوگل کے چیف ایگزیکٹو لیری پیج کا کہنا تھا کہ گوگل نے ایک بہترین تہائی کے ساتھ ایک بہترین سال کا اختتام کیا۔ انہوں نے کہا ’میں اینڈروئڈ، جی میل اور گوگل پلس کی ترقی کے بارے میں بہت پرامید ہوں۔ آج دنیا بھر میں ان کے نو کروڑ صارفین ہیں جو کہ صرف تین ماہ پہلے اعلان کی گئی تعداد سے دگنے ہیں‘۔
دوسری ٹیکنالوجی کمپنیوں نے بھی اسی عرصے کے نتائج شائع کیے جن میں مائیکروسافٹ اور انٹیل شامل ہیں۔
مائیکروسافٹ نےاسی تہائی میں چھ اعشاریہ چھ دو ارب ڈالر کا منافع کمایا جس سے اس کمپنی کے دی جانے والی مصنوعات اور خدمات کی طلب ظاہر ہوتی ہے۔
دنیا کی الیکٹرونک چپس بنانے کی سب سے بڑی کمپنی انٹیل نے بھی توقعات سے بہتر یعنی آمدنی میں چھ فیصد اضافے کے ساتھ تین اعشاریہ تین چھ ارب ڈالر کمائے جبکہ تھائی لینڈ میں سیلاب کی وجہ سے ان کے کارخانوں میں کام بھی رکا رہا

.بی بی سی سے بات کرتے ہوئے انٹیل کے سربراہ گریم پامر نے کہا ’ہم پی سی کی مارکیٹ میں واضح اضافہ دیکھ رہے ہیں۔ چین میں پرسنل کمپیوٹر کے استعمال میں بیس فیصد اضافہ ہو رہا ہے۔ دنیا بھر میں تقریباً دس لاکھ کمپیوٹر روزانہ استعمال میں آتے ہیں اور ابھی چین، بھارت، برازیل اور روس کی ابھرتی ہوئی مارکیٹوں میں طلب بڑھ رہی ہے‘۔
اس کے باوجود تجزیہ کار گوگل کمپنی کے اعداد و شمار سے اس قدر متاثر نہیں ہوئے۔
گلوبل ایکویئٹیز ریسرچ کے ٹرپ چوھدری کا کہنا تھا کہ گوگل سے توقعات بہت زیادہ تھیں اور انہوں نے ان توقعات کو پورا نہیں کیا۔ انہوں نے کہا ’مائیکروسافٹ اور انٹیل کے برعکس گوگل کی (آمدن کے بارے میں) اندازے کئی مہینوں سے بڑھتے رہے ہیں۔‘
جہاں گزشتہ سال کی چوتھی دہائی میں گوگل کے اشتہارات پر کلک کرنے کی تعداد بڑھی، گوگل ان اشتہارات کو لگانے والوں سے آٹھ فیصد کم قیمت حاصل کرسکا۔
سٹائیفل نیکولاؤس کے جورڈن روہان کا کہنا تھا کہ اگرچہ شمالی امریکہ میں کارکردگی اچھی رہی تاہم سرمایہ کاروں کی دنیا کے دوسرے حصوں خصوصاً یورپ کے بارے میں تشویش برقرار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی اور دوسرے ممالک میں کفایت شعاری کے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور وہاں پر طلب گر گئی ہے۔
گزشتہ مکمل سال میں گوگل نے آمدنی میں انتیس فیصد اضافہ دکھایا جس میں اس کا مجموعی منافع چودہ چار فیصد بڑھ کر نو اعشاریہ سات ارب ڈالر رہا۔

1. 2. 3. 5. 6. 7.

Popular Posts